اسٹاک  مارکیٹ میں تیزی کا رجحان

Stock Market in Pakistan
Stock Market in Pakistan

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔

پیر 23 اگست کو کاروباری دن کے دوران 100 انڈیکس میں 11 بج کر 48 منٹ پر 408 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس48 ہزار 009 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کررہا ہے۔

تجزیہ کار سعد ہاشمی نے سماء ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ افغانستان میں طالبان کے قبضے کے بعد ملک میں غیر یقینی کی صورتحال تھی جس کے باعث گزشتہ ہفتے اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری دن کے پہلے روز مندی کا رجحان تھا لیکن اب افغانستان میں صورتحال معاشی اور سیاسی لحاظ سے کافی واضح ہونا شروع ہوگئی ہیں جس کے بعد سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوئی اور انھوں نے حصص کی خرید میں اضافہ کردیا ہے۔

سعد ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے 2.8 ارب ڈالر کا قرض بھی کچھ روز میں مل جائے گا جس کے بعد اسٹاک مارکیٹ انڈیکس میں مسلسل تیزی آرہی ہے اور سرمایہ کار حصص کی خریدوفروخت کررہے ہیں۔

تجزیہ کار رضا جعفری کے مطابق سیمنٹ سیکٹر کی کارکردگی کافی بہتر ہوئی ہے چونکہ پاکستان میں بارشوں کا سیزن ختم ہوگیا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ سیمنٹ کی طلب میں اضافہ ہوگا، جس کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں لوگ سرمایہ کاری کررہے ہیں اور مثبت رجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ان دنوں کمپنیوں کی کارکردگی کے نتائج بھی آرہے ہیں اور مثبت نتائج کی توقع کی جارہی ہے، اس کےعلاوہ آئل اور گیس کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی مد میں زیادہ منافع ملنے کا بھی امکان ہے جس کے باعث لوگوں نے سرمایہ کاری میں اضافہ کردیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *