NADRA has introduced an online system for renewal of identity cards

نادرا نے شناختی کارڈ کی تجدید کیلئے آن لائن نظام متعارف کروادیا

Nadra Office
Nadra Office

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے خاندانی شجرے کی تصدیق اور کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) کی تجدید کے لئے نیا آن لائن نظام متعارف کروادیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی شہری ایس ایم ایس کے ذریعے شناختی کارڈ کا نمبر اور اس کے اجرا کی تاریخ 8009 پر بھیج کر اپنے اہل خانہ کی تفصیلات اور اس کی تصدیق حاصل کرسکیں گے جبکہ میسج کے جواب میں ایس ایم ایس بھیجنے والے کو اس کے اہل خانہ کی تفصیلات موصول ہوں گی۔
نادرا کے چیئرمین طارق ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر کوئی بھی معلومات غلط ہو یا کسی اجنبی یا غیر متعلقہ شخص کا نام خاندان میں شامل ہو تو نادرا کو آگاہ کرنے کے لئے ‘1’ لکھ کر ایس ایم ایس بھیجیں یا نادرا کے کسی بھی رجسٹریشن سینٹر میں جاکر نام غیر رجسٹر کروائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر معلومات درست ہوں تو ان کی تصدیق کے لیے 2 لکھ کر میسج کریں۔
چیئرمین کا کہنا تھا کہ تصدیق اور تجدید کے نظام سے فائدہ حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ نادرا میں اسی موبائل نمبر سے ایس ایم ایس رجسٹر کروائیں جو ‘بی’ فارم یا شناختی کارڈ کے حصول کے دوران فراہم کیا گیا تھا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر موبائل نمبر نادرا سے رجسٹرڈ نہیں ہے تو آپ نمبر رجسٹر یا تبدیل کرانے کے لئے کسی بھی نادرا سینٹر جاسکتے ہیں اور یہ سہولت تمام نادرا سینٹرز میں مفت فراہم کی جارہی ہے۔
نادرا نے کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر سماجی فاصلے کے دور میں انسانی رابطوں سے احتیاط برتنے کے لئے شناختی کارڈ کی آن لائن تجدید کے لئے آئی ٹی پر مبنی حل متعارف کرایا ہے۔
حکام نے اپنے بیان میں کہا کہ اس سسٹم کے تحت پاکستانی شہری اس بات کی تصدیق کر سکیں گے کہ ان کے خاندان میں کوئی غیر متعلقہ یا اجنبی شخص رجسٹر نہ ہو، اگر اس میں کوئی نامناسب اندراج ہو تو انہیں جلداز جلد نادرا کو شکایت کرنی چاہئیے۔
اس حوالے سے نادرا نے آپ کا خاندان محفوظ تو پاکستان محفوظ کے نام سے ایک آگاہی مہم کا افتتاح بھی کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو چیک کرنے کے لئے بھی یہ نظام مدد گار ثابت ہوگا۔
یہ مسئلہ حال ہی میں وزیراعظم عمران خان کے نادرا ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران زیر بحث آیا تھا جہاں انہوں نے سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کی ان رپورٹس پر نادرا حکام سے بات چیت کی تھی جن میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے پاس بھی شناختی کارڈز ہیں جنہیں چیک کیے جانے کی ضرورت ہے۔
طارق ملک نے وزیراعظم کو بتایا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس جیسی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نادرا کے ڈیٹا بیس کو کسی بھی قسم کے غلط اندراج سے پاک کیا جاسکے گا اور اس سے جعلی شناختی کارڈز کی شناخت بھی کی جاسکے گی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم کو ڈیجیٹل پاکستان منصوبے کے تحت نادرا کے روڈ میپ پر بریفنگ بھی دی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *